جامع مسجد گول
مسجد گول
مرکزی جامع گول غلام محمد آباد فیصل آباد ایک تاریخی مسجد ہے۔ پندرہ لاکھ آبادی کے وسط میں قائم ہے۔ 1960 میں حضرت مولانا محمد ضیاء القاسمی نے اپنے مخلص احباب کے ساتھ مل کر اس جامع مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ 1976 میں امام کعبہ الشیخ عبد اللہ بن سبیل مکتہ المکرمہ اس مسجد میں تشریف لائے ظہر کی نماز کی امامت فرمائی اور اپنے دست مبارک سے مسجد کا جدید سنگ بنیاد رکھا۔ چالیس سال حضرت مولانا محمد ضیاء القاسمی خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے رہے۔ مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کا اجتماع ملک کے بڑے اجتماعات میں شامل ہے جس کی روایت آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔ مرکزی جامع مسجد گول سے ملحقہ ختم نبوت پبلک لائبریری اور ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا۔ اس مرکز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس میں پاکستان کے اپنے وقت کے نامور علماء اور مشائخ تشریف لا چکے ہیں۔مسجد سے ملحقہ خواتین کیلئے بھی باپردہ نماز جمعہ، نماز تراویح، نماز عید اور خواتین کیلئے درس قرآن کا ماہانہ اہتمام ہوتا ہے۔ مسجد کا ماحول کشادہ ہے اور مسجد کے اردگرد وسیع و عریض سرسبز و شاداب گراؤنڈ بھی موجود ہے۔